پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کے حوالے سے رواں سال 2026 کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان کے علاوہ ریجنل ڈائریکٹر ایکسائز ہزارہ ارشاد آفریدی، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر اینٹی نارکوٹکس کنٹرول ماجد خان، پراونشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو عاکف نواز خان سمیت صوبہ بھر میں ایکسائز تھانوں کے سرکل آفیسرز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنوری 2026 سے مئی تک ایکسائز تھانوں اور انٹیلیجنس بیورو کے انسداد منشیات کارروائیوں اور اقدامات کے حوالے سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا اور اس ضمن میں انہیں اعداد وشمار پیش کئے گئے۔ صوبائی وزیر نے نارکوٹکس ونگ کے افسران اور عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ انسدادِ منشیات کیلئے ایک مربوط ٹیم ورک کے ذریعے اپنی کارروائیاں مزید موثر بنائیں اور اس ضمن میں محکمہ کے ذمہ دار افسران کو عملی اقدامات اٹھانے کیلئے ایک مہینے کی مہلت دی جس کے بعد ان کی کارکردگی کو دوبارہ جانچا جائے گا۔