لاہور(خالدمحمودخالد) بھارت میں الہ آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس یشونت ورما نے اپنی سرکاری رہائش گاہ سے بڑی تعداد میں جلے ہوئے کرنسی نوٹ برآمد ہونے کے متنازع کیس میں صدر دروپدی مرمو کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مارچ 2025 میں جب جسٹس یشونت ورما دہلی ہائی کورٹ کے جج تھے ان کی سرکاری رہائش گاہ میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ اور پولیس اہلکاروں نے سٹور روم میں بوریوں اور ڈھیروں میں بڑی تعداد میں جزوی طور پر 500روپے کےجلے ہوئے نوٹ برآمد کیے جس کی اطلاع چیف جسٹس کو کر دی گئی۔ اس حوالے سے چیف جسٹس کی جانب سے تشکیل دی گئی ان ہاؤس انکوائری کمیٹی نے تفتیش کے بعد رپورٹ دی کہ جسٹس ورما کے گھر کے سٹور روم میں نقد رقم کی موجودگی سنگین بدعنوانی کے زمرے میں آتی ہے۔