ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجود ہمارا وفد پورے دل سے ایرانی مفادات کا دفاع کر رہا ہے۔
۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایرانی وفد جرات و شجاعت سے ایرانی مفاد میں بات چیت کرے گا، کچھ بھی ہو جائے ایرانی حکومت کی جانب سے عوام کی خدمت میں ایک لمحے کی بھی کوتاہی نہیں ہوگی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے مذاکرات کا نتیجہ جو بھی نکلے، ایرانی حکومت اپنے عوام کے ساتھ پورے عزم سے کھڑی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے پرائم منسٹر ہاؤس میں ایرانی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت ایرانی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کی۔
اعلامیے کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد کی معاونت وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی، وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات میں ایرانی وفد کی شراکت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ملاقات میں عالمی اور علاقائی امن کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، وزیراعظم نے خلوص نیت کے ساتھ اپنا کردار ایک ثالث کے طور پر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی بھی موجود تھے۔