اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وساکھی میلہ اور 327ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں بھارت سے پاکستان آئے سکھ یاتریوں نے اپنے دورے کے دوسرے روز ننکانہ صاحب میں مختلف گوردواروں کی یاترا کی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نےننکانہ صاحب میں گوردوارہ سری کیارہ صاحب کی بحالی و تزئین و آرائش کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے کے تحت 40کمروں پر مشتمل جدید رہائشی کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، جس سے یاتریوں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔ ادھر یاتریوں نے گوردوارہ سری کیارہ صاحب، گوردوارہ تمبو صاحب، گوردوارہ بالیاں صاحب، گوردوارہ پٹی صاحب اور گوردوارہ مالجی صاحب میں حاضری دی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔