واشنگٹن، اسلام آباد (ایجنسیاں، نیوز رپورٹر) ایران نے لبنان کی جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز تمام تجارتی جہازوں کی آمدورفت کیلئےکھول دی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، اسکے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا ’پاکستان اور اسکے عظیم وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ، یہ دونوں شاندار شخصیات ہیں۔دوسری جانب ترکیہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدراردوان کی ملاقات ہوئی،دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی پیش رفت، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے ترک صدرکو جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں آگاہ کیا، صدررجب اردوان نے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا،علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر، قازقستان، آذربائیجان، شامی صدر اور ٹرمپ کے مشیر برائے عرب و افریقہ امور سمیت عالمی رہنماؤں سے پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ملاقاتیںہوئیں جس میں خطے کی صورتحال پرگفتگو ہوئی، عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دو طرفہ ملاقات کی۔ یہ ملاقات انطالیہ میں منعقدہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ہوئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور دیگر اعلیٰ ترک حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں صدر اردوان نے وزیراعظم کا ترکیہ آمد پر خیرمقدم کیا اور انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے کامیاب انعقاد پر ترک صدر کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ فورم ایک اہم عالمی تقریب کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا تاکہ ایک پائیدار امن معاہدہ ممکن بنایا جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے خطے میں دیرپا اور مستحکم امن کو فروغ دیا جائے۔ دونوں رہنماؤں نے جاری اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جو برادرانہ تعلقات اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہے۔ ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر کے ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر پیغام کے جواب میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، اور اپنی طرف سے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے توصیفی اور شائستہ کلمات پر انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعظم کی انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پرعالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیرِ اعظم کی ترک صدر رجب طیب ایردوان، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، شامی صدر احمد الشرح سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں خوشگوار ماحول میں غیر رسمی بات چیت اور تبادلۂ خیال ہوا۔ وزیرِ اعظم کی قطر کے وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی اور کوسوو کی سابق صدر ویوسا عثمانی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ پاکستان کی طرف سے مشرق وسطیٰ اور خلیج میں جنگ بندی اور قیام امن کیلئے مذاکرات کی کوششوں اور پاکستانی قیادت کے فعال کردار کے وجہ سے وزیرِ اعظم عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ملاقاتوں میں عالمی اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں انطالیہ میں منعقدہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی صدر کے سینئر مشیر برائے عرب و افریقی امور مسعد بولوس نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی جراتمندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا، جس کے نتیجے میں گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دہانے پر پہنچنے کی صورتحال میں جنگ بندی ممکن ہوئی۔ وزیراعظم نے لبنان میں جنگ بندی کے کامیاب اختتام میں بھی صدر ٹرمپ کی قیادت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس میں پاکستان کی امن کوششیں، جنگ بندی اور تاریخی اسلام آباد مذاکرات شامل تھے۔وزیراعظم نے بلخصوص اقتصادی و تجارتی تعاون اور کثیرالجہتی سفارتکاری میں باہمی دلچسپی کے امور پر پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، مسعد بولوس نے وزیراعظم کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اقتصادی ترقی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے سمیت مشترکہ ترجیحات پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے میں امریکہ کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔