• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حوالہ ہنڈی کے منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی، 5 ملزمان گرفتار

کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کراچی نے حوالہ ہنڈی کے منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے5ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی کے مطابق انکوائری نمبر 48/2026کی بنیاد پر ایم اے جناح روڈ کے قریب فلک ناز ٹاور کراچی میں واقع دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران متعدد افراد کو غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث پایا گیا۔ تلاشی کے دوران 22لاکھ 34ہزار 500روپے نقدی، لیجرز، موبائل فونز اور مشکوک ڈپازٹ سلپس برآمد کی گئیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان چین کے ساتھ منظم حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک میں ملوث ہیں۔ ریکارڈ کے ابتدائی تجزیے کے مطابق گزشتہ 8ماہ کے دوران کم از کم 40لاکھ امریکی ڈالر غیر قانونی طور پر چین منتقل کیے گئے۔ کارروائی کے دوران اشرف، عبدالمعیز، فیصل، محمد ایاز اور محمد سلمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اہم خبریں سے مزید