• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر:نیب کے زیرِ اہتمام انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے تقریب

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سربندن میں قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان، سب آفس گوادر کے زیرِ اہتمام انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے ایک باوقار آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد طالبات میں دیانتداری، شفافیت اور ذمہ دار شہری ہونے کا شعور اجاگر کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر نیب بلوچستان (سب آفس گوادر) ہارون الرشید تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) زراتون بلوچ، ڈائریکٹر نیب گوادر ارم رشید، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب جہانگیر میمن، اسپیشل پراسکیوٹر نیب خالد بلوچ، اور ہائیر سیکنڈری اسکول سربندن کی ہیڈمسٹریس بانڑی بلوچ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بدعنوانی جیسے ناسور لعنت کے معاشرے پر منفی اثرات کو اجاگر کیا اور اس کے خاتمے کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل بالخصوص طالبات ملک کے روشن مستقبل کی ضامن ہیں، اور اگر انہیں ابتدائی سطح پر ہی دیانتداری اور قانون کی پاسداری کا شعور دیا جائے تو ایک شفاف اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔تقریب کا مرکزی موضوع بدعنوانی کے خلاف طالبات کا کردار تھا، جس کے تحت طالبات کو ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنے فرائض کا ادراک دلانے اور انہیں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور اس کے سدباب کے لیے عملی اقدامات کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تقریب کے دوران طالبات نے بھی پُرجوش انداز میں تقاریر پیش کیں اور انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی نے بہترین تقاریر پیش کرنے والی طالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
کوئٹہ سے مزید