کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ریونیواتھارٹی نے صوبے بھر میں میرج ہالز کی مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا ،اتھارٹی نے تمام میرج ہال سروس فراہم کنندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے کاروبار کی رجسٹریشن بی آر اے کے ساتھ مکمل کریں، مقررہ مدت کے اندر اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع کرائیں اور واجب الادا ٹیکس بروقت ادا کریں۔تفصیلات کے مطابق بی آر اے نے واضح کیا ہے کہ قوانین کی عدم تعمیل کی صورت میں کاروباری پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے ٹیکس دہندگان کو بروقت اقدامات کرنا ہوں گے۔ بصورتِ دیگر قانون کے مطابق بینک اکاؤنٹس کی اٹیچمنٹ، کاروباری مراکز کی سیلنگ اور دیگر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا ئینگیں۔ اتھارٹی نے میرج ہال مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان سیلزٹیکس آن سروسز قوانین کی مکمل پاسداری یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی اور مالی مشکلات سے بچا جا سکے۔