دنیا کی معروف فلاحی تنظیم گیٹس فاؤنڈیشن نے اپنے تقریباً 20 فیصد عملے میں کمی کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے، جبکہ تنظیم نے جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے مبینہ روابط کے حوالے سے تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فاؤنڈیشن 500 سے زائد ملازمین کو فارغ کرے گی، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تنظیم نے اپنے شریک بانی بل گیٹس کے ایپسٹین سے تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے ایک تحقیقاتی عمل شروع کیا ہے۔
فاؤنڈیشن نے 21 اپریل کو جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایپسٹین کے ساتھ ماضی میں ہونے والے روابط کا جائزہ لینے کے لیے ریویو کمیشن قائم کیا ہے اور ساتھ ہی نئی فلاحی شراکت داریوں کے لیے پالیسیوں کا بھی ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ملازمین کو مارچ میں اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا اور توقع ہے کہ یہ جائزہ عمل گرمیوں تک مکمل ہو جائے گا، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں گے یا نہیں۔
امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری لاکھوں صفحات پر مشتمل دستاویزات میں بل گیٹس اور جیفری ایپسٹین کے درمیان ای میلز کا بھی ذکر موجود ہے جس میں ملاقاتوں اور فلاحی امور پر بات چیت کی گئی ہے۔
بل گیٹس اس سے قبل فاؤنڈیشن کے عملے سے اپنے ان روابط پر معذرت کر چکے ہیں اور اسے بڑی غلطی قرار دے چکے ہیں، جبکہ انہوں نے ذاتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ بل گیٹس نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ 20 برس میں اپنی تقریباً 200 ارب ڈالرز کی دولت فلاحی کاموں میں خرچ کر دیں گے اور 31 دسمبر 2045ء تک فاؤنڈیشن کو بند کر دیا جائے گا۔