ایران نے جنگ بندی کے دوران دارالحکومت تہران میں انقلاب چوک کے قریب ریلی میں قدر بیلسٹک میزائل کی نمائش کر کے امریکا کو واضح پیغام دے دیا۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیو میں بیلسٹک میزائل لے جانے والے ٹرک کے ارد گرد ایرانی عوام کے ایک سمندر کو ایرانی پرچم لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
قدر پرانے شہاب 3 اے میزائل کا ایک اپ گریڈ ورژن ہے جو زیادہ مؤثر انداز میں اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
ایران نے جنگ کے دوران اسرائیل پر حملہ کرتے وقت کلسٹر وارہیڈ والے ان میزائلوں کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی انٹیلیجنس کے مطابق ایران کے پاس مسلسل امریکی اور اسرائیلی حملوں کے باوجود اب بھی اہم فوجی صلاحیت کا بڑا حصّہ برقرار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے پاس تقریباً نصف میزائل لانچرز اور حملہ کرنے والے ڈرون ہزاروں کی تعداد میں ہیں، جبکہ اپنے ساحل کے دفاع کے لیے بھی کروز میزائلوں کا ایک بڑا حصہ موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے تقریباً 50 فیصد میزائل لانچرز اور ہزاروں ڈرونز اب بھی فعال ہیں۔