اسلام آباد (خالد مصطفیٰ/عاطف شیرازی) ملک میں بجلی کا شدید شارٹ فال اور مہنگی ایل این جی کی خریداری کا فیصلہ، پیپرا کے ترمیمی قوانین کے تحت ایل این جی کارگوز کیلئے ہنگامی ٹینڈر جاری۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ، سپلائی میں تعطل اور گرمیوں میں طلب کے اضافے کے پیش نظر پیپرا کے ترمیمی قوانین کے تحت مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے کارگوز کے لیے ایک ہنگامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ ملک میں جاری اس بحران کا تعلق آبنائے ہرمز کے گرد پیدا ہونے والی نئی کشیدگی سے جوڑا جا رہا ہے، جہاں اطلاعات کے مطابق ایران اور امریکی بحریہ کے درمیان کارروائیوں کی وجہ سے بحری آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ اس صورتحال نے پاکستان کی ایل این جی کی ترسیل محفوظ بنانے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی ہے، جس میں قطر انرجی کے ساتھ ایک طے شدہ انتظام بھی شامل تھا، تاہم قطر نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اس عمل کو آگے بڑھانے سے انکار کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان نے ابتدائی طور پر قطر سے چار ایل این جی کارگوز حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن (سپلائی میں) خلل کی وجہ سے یہ کوشش ناکام رہی۔