• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانگھڑ پولیس لائن میں بھتہ وصولی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، ڈھائی کروڑ برآمد

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) حساس ادارے نے سندھ کے ضلع سانگھڑ کی پولیس لائن میں چھاپہ مار کر بھتہ وصول کے بڑے نیٹ ورک کے 5ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بھتہ کے جمع شدہ ڈھائی کروڑ روپے برآمد، گنتی کی مشین، موبائل فونز اور ان میں موجود بھتہ وصولی کی تفصیلات برآمد کی گئی ہیں جبکہ گروہ کا سرغنہ فرار ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان ضلع بھر سے منشیات فروشوں، گٹکا چھالیہ نیٹ ورک، ڈیزل پیٹرول اور دیگر غیرقانونی اشیاء کے اسمگلروں، جرائم کے دیگر اڈوں اور دھندوں سے بھتہ وصول کرتے تھے جو پولیس لائن کے سرکاری کوارٹر میں جمع کیا جاتا تھا، مشینوں کے ذریعے گنتی کی جاتی تھی۔ پھر فراہم کی گئی فہرست کے مطابق ہر مہینے اہم صوبائی محکمہ کے ذمہ داروں، اراکین اسمبلی، سیاسی جماعت کے عہدے داروں، پولیس افسران اور دیگر سرکاری افسران تک پہنچایا جاتا تھا۔ حساس ادارے نے بھتہ وصول کرنے والی شخصیات کی فہرست بھی قبضے میں لے لی ہے۔ اس سلسلے میں ًزیر حراست ملزمان نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ معاملے کی انکوائری ڈی آئی جی پولیس فیصل عبداللہ چاچڑ کے سپرد کی گئی ہے۔ اس نمائندے سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل عبداللہ چاچڑ نے بتایا کہ انہیں انکوائری کے تحریری آرڈرز نہیں ملے بلکہ زبانی طور پر کہا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اطلاع کے مطابق کاروائی میں ڈھائی کروڑ نہیں بلکہ ایک کروڑ روپے سے زائد رقم برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک حساس ادارے کی تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد انہیں تحریری احکامات ملیں گے تو وہ مزید انکوائری کریں گے اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید