کراچی( افضل ندیم ڈوگر )قائد آباد سے شاہراہ بھٹو سے ڈیفنس جاتے ہوئے تاجر کی گاڑی کو کار سے ٹکر مار کر مسلح ملزمان نے 25لاکھ روپے لوٹ لیے۔ ڈیفنس کے رہائشی تاجر حفیظ الرحمن کے مطابق گزشتہ رات وہ لانڈھی داؤد چورنگی سے اپنی گاڑی نمبر بی یو 0900 میں شاہراہ بھٹو کے راستے قیوم آباد کے قریب پہنچے تو شاہراہ بھٹو سے اترتے ہوئے ملزمان نے کار سے ان کی گاڑی کو عقب سے ٹکر ماری۔ انہوں نے حادثہ جان کر گاڑی سائیڈ پر روکی اور پیچھے جا کر گاڑی والوں سے بازپرس کرنے لگے کہ اس دوران قیوم آباد کی طرف سے 4 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان ون وے جائے حادثہ پر پہنچے اور انہیں یرغمال بنالیا اس دوران ملزمان نے انہیں تشدد کرتے ہوئے واپس گاڑی میں لے گئے۔ ملزمان نے پائیدان پر رکھے 25 لاکھ روپے کا تھیلا اٹھایا اور مزاحمت کرنے پر اسلحے کے بٹ مار کر زخمی کردیا۔ ملزمان نے ان سے گالم گلوچ کی اور تشدد کرتے ہوئے گاڑی میں بٹھایا اور اسلحے کے زور پر روانہ کردیا۔ حفیظ کے مطابق وہ روانہ ہوئے اور عقب سے دیکھا کہ ملزمان موٹر سائیکلوں اور کار میں ایک ساتھ قیوم آباد سے بلوچ کالونی کی طرف رانگ سائڈ جاتے ہوئے نظر آئے۔ حفیظ الرحمان نے فوری طور پر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی اور اپنے دفتر کو بھی اگاہ کیا۔ بعد ازاں ٹول پلازہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج نکلوائی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے ٹول پلازہ پر حفیظ الرحمن کے برابر کے بوتھ پر ٹول ادا کرتے نظر آئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان جس گاڑی نمبر ڈی ائی بی 545 میں سوار تھے۔ تحقیقات پر کار کا نمبر جعلی نکلا۔ پولیس نے واقعہ کی ایف ائی ار درج نہیں کی بلکہ روزنامچے میں تمام رپورٹ درج کرلی ہے۔ کیپشن شاہراہ بھٹو پر ملزمان ٹول ادا کر رہے ہیں۔ دوسری گاڑی میں سوار تاجر حفیظ الرحمن بھی ٹول ادا کررہے ہیں۔