کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں پبلک سروس گاڑیوں کیلئے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ لازم، سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں بغیر درست روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (ڈی آر ٹی اے) کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ بڑی تعداد میں گاڑیوں کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی معیاد ختم ہو چکی ہے، جس پر متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام گاڑیاں موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 اور موٹر وہیکلز رولز 1969 کے تحت لازمی دستاویزات کے ساتھ ہی سڑکوں پر چلائی جائیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا چکا ہے، فٹنس سرٹیفکیٹس مکمل طور پر آن لائن جاری کئے جا رہے ہیں۔