اسلام آباد(تنویر ہاشمی ) گیپ سروے کے مطابق پاکستان میں توانائی بحران اور علاقائی کشیدگی سے کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی ہوئی ہے، غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ تین ماہ میں حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، گیلپ پاکستان کے بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کے نجی شعبے کے کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہےجس کی بڑی وجوہات میں توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور علاقائی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے اثرات ہیں،76فیصد کاروباری اداروں کی رائے۔ گیلپ پاکستان کے17ویں سہ ماہی بزنس کنفیڈنس سروے کا انعقاد اپریل 2026میں گیا جو ملک بھر کے 510 کاروباری اداروں کی آراء پر مبنی ہے، سروے کے مطابق موجودہ کاروباری صورتحال، مستقبل کے امکانات اور ملکی معاشی سمت سے متعلق تمام اہم اشاریے منفی ہیں۔ صرف 41فیصد کاروباری اداروں نے اپنے موجودہ آپریشن کو اچھا یا بہت اچھا قرار دیا جو گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے، جبکہ مجموعی مثبت رجحان میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جوگزشتہ سہ ماہی کے مثبت رجحان کے مقابلہ میں مایوسی کی عکاسی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کاروباری ماحول کو اس وقت داخلی معاشی دباؤ اورعلاقائی و جغرافیائی کشیدگی کے باعث غیر یقینی صورتحال کا سامناہے۔