جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ جے یو آئی پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔
ایک بیان میں ترجمان جے یو آئی ف نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ ناقابلِ قبول ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، مہنگائی کے خلاف جلد تحریک شروع کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا تھا جن کا اطلاق آج 25 اپریل 2026ء سے ہو گیا۔
وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری کیے گئے پریس ریلیز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول دونوں کی قیمتوں میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت 353 روپے 42 پیسے سے بڑھا کر 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر جبکہ موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت 366 روپے 58 پیسے سے بڑھا کر 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نئی قیمتیں آئندہ ہفتے کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔