اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے پر پاکستانی دو ٹوک موقف سفارتی محاذ پر ایک اہم ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا،پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دیکر اپنی طاقت ثابت کی، پاکستانی قوم اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کریگی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جبکہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پہلگام واقعے کو ایک المیہ قرار دیتے ہوئے بلیم گیم ختم کرنے پر زور دیا اور شفاف و غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کیا اور عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا، جبکہ پاکستان کے تحقیقات کے مطالبے پر بھارت بیک فٹ پر چلا گیا اور کئی بیرونی ممالک نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ناصرف دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار نہیں کرتا بلکہ دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ عطا تارڑ کہا کہ کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے اور اس جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہا ہے، افواج پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے ملک کا بھرپور دفاع کیا اور معرکۂ حق میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر اپنی طاقت کا لوہا منوایا، پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔