اسلام آباد(طاہر خلیل)SCO وزرائے داخلہ کانفرنس ،محسن نقوی کی 5وزرائے داخلہ سے ملاقات، روس، تاجکستان ازبکستان،کرزغستان، قازقستان کیساتھ دہشتگردی، دیگر جرائم کی روک تھام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق، شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے داخلہ کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بشکیک میں روس، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور روسی ہم منصب ولادیمیر کولو کولٹسیف کی ملاقات میں اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے جن کے تحت پاکستان اور روس غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھائیں گے جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کی وطن واپسی کیلئے باہمی معاونت اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے اسی طرح انسداد منشیات اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے لئے تعاون بڑھانے کے لئے معاہدہ کیا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور تاجکستان کے وزیر داخلہ رمضان رحیم زادہ کی ملاقات میں افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے کیمپوں کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دہشت گردوں کے کیمپس اور منشیات کی پیداوار خطے کے لیے شدید سیکیورٹی خدشات کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان میں 25 مختلف دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں۔