باکو( جنگ نیوز)ایران جنگ کے دوران آذربائیجان میں اسرائیلی خفیہ نیٹ ورک قائم رہا، باکو کی تردید، رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی سرحد کے قریب نگرانی، انٹیلی جنس جمع کرنے اور ڈرون آپریشنز انجام دئیے گئے، اسرائیل کے آذربائیجان کے علاوہ عراق، عرب امارات اور صومالی لینڈ میں بھی خفیہ اڈے ہیں ۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی ایک رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ ان خفیہ تنصیبات نے اسرائیل کو ایران کی شمالی، جنوبی اور مغربی سرحدوں تک غیر معمولی رسائی فراہم کی، تاہم آذربائیجان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ کے دوران اسرائیل نے خفیہ طور پر اپنی ایلیٹ فوجی اور انٹیلی جنس یونٹس آذربائیجان میں تعینات کی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ فورسز جنوبی آذربائیجان کے متعدد مقامات پر موجود تھیں جو ایران کی شمالی سرحد سے متصل ہیں اور بعض مقامات ایرانی شہر تبریز سے محض 60 میل کے فاصلے پر واقع تھے۔