کراچی (نیوز ڈیسک) کاکروچ عوامی پارٹی کا نئی دہلی میں پہلا احتجاج، وزیرِ تعلیم کے استعفے کا مطالبہ،سوشل میڈیا سے جنم لینے والی تحریک سڑکوں تک پہنچ گئی۔سینکڑوں نوجوان کاکروچ ماسک پہن کر مظاہرے میں شریک ہوئے،امتحانی بے ضابطگیوں اور بے روزگاری کے خلاف نعرے بازی،احتجاج میں تعلیم اور مساوی مواقع کے حق دینے پر زوردیا گیا۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق بھارت میں سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی ’’کاکروچ عوامی پارٹی‘‘ (سی جے پی) کے سینکڑوں حامیوں نے نئی دہلی میں پارلیمنٹ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا اور وزیرِ تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ یہ طنزیہ تحریک گزشتہ ماہ سپریم کورٹ کی سماعت کے دوران نوجوان ناقدین کے لیے استعمال کیے گئے ’’کاکروچ‘‘ کے لفظ کے بعد وجود میں آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے کروڑوں آن لائن حامی حاصل کر لیے۔ مظاہرین نے امتحانی بے ضابطگیوں، تعلیمی مسائل اور نوجوانوں کے لیے محدود روزگار کے مواقع کے خلاف نعرے لگائے جبکہ کئی شرکا نے کاکروچ ماسک بھی پہن رکھے تھے۔