تحریر: شائستہ اظہر صدیقی، سیال کوٹ
ماڈل: نمرہ
ملبوسات: فائزہ امجد اسٹوڈیو، ڈی ایچ اے، لاہور
آرائش: دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
انسانی تاریخ کے ابتدائی اوراق پر نظر ڈالنے سے ایک بات سامنے آتی ہے کہ رنگوں کی دنیا میں ’’سفید‘‘ رنگ ہمیشہ ہی سے ایک کیفیت، ایک علامت، ایک استعارہ رہا ہے۔ قدیم تہذیبوں میں انسان نے پہلی بارعبادت کے لیے اپنے جسم کو سادہ سفید کپڑے سے ڈھانپا، جب روحانی رسومات میں پاکیزگی کے اظہار کے لیے سفید دھواں آسمان کی طرف بلند کیا گیا۔
جب زندگی کے آغاز و اختتام، دونوں مراحل کے لیے سفید لباس ہی منتخب کیا گیا، تب سے سفید رنگ گویا انسان کے باطن سے جُڑ گیا۔ خُود کو دنیاوی آلودگی سے الگ ظاہر کرنے کے لیے قدیم مصرکی عبادت گاہوں میں پجاری سفید رنگ ہی کا لباس پہنتے۔
برِعظیم کی روایت میں ریاضت کے مراحل میں زیادہ تر سفید رنگ اختیار کیا گیا۔ فریضۂ حج کی ادائی کے موقعے پر احرام کی سفید چادریں انسان کو اُس کی اصل کی طرف واپس بلانے کی یاد دہانی ہیں۔
پھر قدرت کی دنیا بھی سفید اور مدھم سفید، یعنی آف وائٹ کی زبان میں یوں ہم کلام ہوتی ہے کہ افق پر پھیلنے والی صُبح کی پہلی روشنی خالص سفید کی بجائے نرم سا آف وائٹ تاثر لیے ہوتی ہے۔ سردیوں کی دھند، بادلوں کی چادر، چاندنی رات کی خاموشی، یہ سب سفید ہی کے تو مختلف لہجے، ذائقے ہیں۔ شام سمے آسمان پر پھیلی آف وائٹ مٹیالی روشنی کی درمیانی حالت، جس میں نہ دن باقی رہتا ہے اور نہ رات مکمل ہوتی ہے۔
یہی درمیانی حالت انسان کے اندر بھی اِس بُجھتے سفید ماحول میں تحلیل ہونے کا احساس پیدا کردیتی ہے کہ جب بدلتے جذبات و احساسات کی لہریں ہوا کے دوش پہ سفر کرتے پیغام رسانی کرنے لگیں، تو گویا بقول زاہد خان ؎ تم وسعتِ بے انت، جہاں سرِ نہاں ہو… تم کوئی حقیقت بھی ہو یا ویسے گماں ہو… مَیں ڈار سے بچھڑے ہوئے پنچھی کی طرح ہوں… تم اس کے لیے چلتی ہوا، پھیلا جہاں ہو… مَیں شام کے منظر میں ہوں تحلیل شدہ اور… تم دُور کسی گاؤں کی، مغرب کی اذاں ہو… مَیں چلنے سے پہلے کا کوئی تیر ہوں رکھا… تم مجھ کو چلانے کے لیے کوئی کماں ہو… مَیں پھیلے ہوئے دشت کی بے انت فضا ہوں… تم چھوڑے ہوئے لوگوں کا ویران مکاں ہو۔
زندگی کے مختلف موسم بھی سفید ہی کے مختلف شیڈز سے جُڑے ہوئے ہیں۔ جیسے بچپن کا بھولپن، معصومیت پیور وائٹ یا دودھیا سفید (Milky white) ، جوانی کے خواب آئیوری (Ivory) یا میگنولیا (Magnolia) وائٹ، بڑھتی عُمر کےتجربات آف وائٹ یا Greyish White (سُرمئی مائل سفید) اور بڑھاپے کے اثرات Snow White یا آف وائٹ کے ترجمان ہیں۔ یوں تو بزم پرایک ’’نگاہِ درست انداز‘‘ ڈالتے ہی آپ کو اندازہ ہوگیا ہوگا کہ آج یہ سفید کی اس قدر تکرار، گردان کیوں؟
مگر باضابطہ بھی بتائے دیتے ہیں کہ آج کی پوری محفل سفید جیسے پوتّر و پاکیزہ، اُجلے، روشن روشن رنگ کے ملبوسات ہی سے مزین ہےکہ ایک تو سالِ رواں کے لیے منتخب کردہ رنگ ہی سفید ہے۔ دوم، سفید رنگ کا اپنا ہی ایک طلسم، سحر ہے، جو اِسے ’’سدا بہار‘‘ بناتا ہے۔ وہ وسیم بریلوی کا شعر ہے ناں ؎ تم آ گئے ہو، تو کچھ چاندنی سی باتیں ہوں… زمیں پہ چاند کہاں روز روز اُترتا ہے۔ تو چلیں آئیں، اِس بزم کے بہانے ہم بھی کچھ چاندنی سی باتیں کیے لیتے ہیں۔
ذرا دیکھیے تو کریمی سفید فلیپر سوٹ ، جس کی کُرتی باریک، شفّاف آرگنزا فیبرک سے تیارکی گئی ہےاور اُس پردیدہ زیب کڑھت کا حسین جلوہ ہے، خصوصاً دامن، بازوؤں اوربارڈر پر بنے پھولوں کے ڈیزائن ۔ گلے کا انداز سادہ مگر اسٹائلش اور اُس پربھی باریک کام نمایاں ہے۔ ساتھ باریک، نفیس کام سے آراستہ مماثل رنگ کا فلیپرہے۔ بے شک یہ لباس موسمِ گرما کے لیے ایک بہترین، فرحت بخش انتخاب ہے۔
آئیوری کُرتی کی سب سے نمایاں خصوصیت اُس کی آئینہ کاری (Mirror Work) ہے کہ کُرتی کے اگلے حصّے پر مختلف جیومیٹریکل پیٹرنز میں چھوٹے چھوٹے شیشے جڑے ہیں، تو آستینوں پر بھی باریک آئینہ ورک کی پٹیاں موجود ہیں، جو اِسے دیدہ زیب لُک دے رہی ہیں اور درمیانی لمبائی کی اِس کُرتی کے ساتھ سیدھے پاجامے کا انتخاب کیا گیا ہے۔ آئینہ ورک چوں کہ دھوپ یا روشنی میں زیادہ پیارا تاثر دیتا ہے، تو یہ پہناوا دن کی تقاریب کے لیے نہایت موزوں رہے گا۔ ہلکے کریم رنگ کی قمیص پر نہایت باریک زردوزی، گوٹا اور سیکوینس ورک ہے۔
شرٹ کے نچلےحصّے پرنسبتاً بھاری کام، جب کہ گلےاور اوپری حصّے کا کام ہلکا رکھا گیا ہے، ساتھ سگریٹ پینٹ کی ہم آمیزی ہے، جس کے نچلے حصّے پرنفیس جوائننگ لیس نمایاں ہے۔ چکن کاری اسٹائل کے لباس کا رنگ آف وائٹ ہے، جس پر بیج رنگ سےشان دار کڑھت ہے۔
ہلکی کڑھت والی کُرتی کے اگلے حصّے پر مختلف پیٹرنز ہیں،جب کہ نیٹ فیبرک کے ساتھ دامن پر حسین ایمبرائڈری کے بارڈرز نمایاں ہیں۔
گلے کا ڈیزائن وی شیپ میں ہے، جس پرباریک لیس کی ڈیزائننگ ہے، جب کہ لباس کے مکمل متوازن لُک کے لیے ساتھ سادہ ٹراؤزر منتخب کیا گیا ہے۔ بلاشبہ دن کی کسی بھی رسمی ملاقات یا ہائے ٹی کے لیے یہ ایک آئیڈیل لباس ثابت ہوسکتا ہے۔