کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گھریلو صارفین کوگیس کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنانےاورشہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ایک مربوط اور فعال نظام تشکیل دینےکی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کےایم ڈی امین راجپوت نے منگل کو گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ سےملاقات کی۔ انہوں نے گیس کی موجودہ فراہمی، درپیش مسائل اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، علاوہ ازیں گورنرسندھ سے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر اکرام راجپوت نے بھی ملاقات کی۔ ایم ڈی سوئی گیس کے ساتھ ملاقات میں لائن لاسز میں کمی، گیس انفرااسٹرکچر کی بہتری اور پریشر کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے اس موقع پرگھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کے کی ہدایت کی اور صنعتی علاقوں کیلئےگیس کی مسلسل فراہمی کو بھی انتہائی ناگزیر قرار دیا۔