کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت اور ازبک صوبے ناوائی کے درمیان وسیع تعاون پر اتفاق‘ صنعت‘ تجارت‘ سرمایہ کاری اور زراعت میں تعاون مضبوط بنانے کا فیصلہ ‘سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ازبکستان کے ناوائی ریجن کے گورنر تور سنوف نورمت تُلکونووچ نے وفدکے ہمراہ ملاقات کی ۔ اجلاس میں سندھ اور ناوائی ریجن کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ مراد علی شاہ نے سندھ کی صنعتی اور سرمایہ کاری صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے بالخصوص دھابیجی اسپیشل اکنامک زون، انڈسٹریل پارکس، کیمیکلز، ٹیکسٹائل، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ میں مواقع پر روشنی ڈالی۔