کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے عالمی یومِ صحت و فلاح 2026 کے موقع پر طبی تعلیم میں بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ اور تھکن کے خاموش بحران سے نمٹنے کیلئےجے ایس ایم یو ہیلتھ اینڈ ویلنَس سینٹر کا افتتاح اور جامعہ بھر میں ویلنَس عہد کا آغاز کیا۔اس موقع پر ممتاز قومی پروفیسر ڈاکٹر ایم۔ اقبال آفریدی نےکہا کہ یہ ویلنَس سینٹر صرف ایک سہولت نہیں بلکہ ایک عہد ہے۔ جے پی ایم سی کے ماہر ین نفسیات کی جانب سے جے ایس ایم یو کے طلبہ و اساتذہ کے لئے خصوصی کلینکس کے ذریعے ہم رازداری کے ساتھ ذہنی صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ کیونکہ شفا کی ابتدا گھر سے ہوتی ہے۔پروفیسر اقبال آفریدی نے کہا کہ آج کی تیز رفتار دنیامیں خصوصاً طب کے شعبے میں ذہنی دباؤ کو معمول سمجھ لیا گیا ہے،تھکن کو نظرانداز اور اکثر خاموشی سے برداشت کیا جاتا ہے۔ اس چکر کو توڑنے کیلئے، جے ایس ایم یو نے ماہرین کو مدعو کیا تاکہ مستقبل کے ڈاکٹروں کو عملی طور پر مؤثر حکمتِ عملیاں فراہم کی جا سکیں۔ معروف ماہرِ نفسیات ڈاکٹر یاسمین خان نے مائنڈفُلنیس اور سانس کی مشقوں پر ایک انٹرایکٹو سیشن کروایا، جبکہ ڈاکٹر محمد خان، ڈائریکٹر آئی پی ٹی آر-جے ایس ایم یو، نے ذہنی دباؤ کم کرنے کے لئے مخصوص جسمانی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔