• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی اے، حوالہ ڈیلنگ اورانسانی اسمگلنگ میں ملوث دو بدنام زمانہ ملزمان گرفتار

کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے حوالہ ڈیلنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو بدنام زمانہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے کشمیر روڈ مسلم آباد سوسائٹی میں چھاپہ مار کر بدنام زمانہ حوالہ ڈیلر محمد شاہد ولد عبدالرحمان کو گرفتار کر لیا۔ملزم کے موبائل فون اور تحریری ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران حوالہ ہنڈی کے ذریعے چین (RMB) میں رقوم کی منتقلی کے شواہد ملے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ایک منظم گروہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے جس کے بعض ارکان دبئی میں مقیم ہیں۔ملوث افراد میں امین، راشد، احسن، الطاف، عبدالسلام اور اشرف کے نام سامنے آئے ہیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تقریباً 6 ملین چینی یوآن کی غیر قانونی منتقلی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ملزم کی جانب دہی حوالہ لین دین کے لیے متعدد بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جا رہے تھے جن میں سے 10 اکاؤنٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ایف آئی اے گوجرانوالہ بدنام زمانہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔ملزم شہباز احمد عرف شہباز حیدری کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل تھا۔ملزم کے خلاف 16 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم گزشتہ 11 برس سے ایف آئی اے کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔ملزم کی گرفتاری کے لئے شہریوں نے کھلی کچھری میں بھی شکایات کیں۔گرفتار ملزم شہریوں کو سمندر کے راستے اٹلی بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورتا تھا۔ملزم شہریوں کو غیر قانونی ایران کے راستے ترکی اور لیبیا اور بعد ازاں سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے۔ملزم نے بھاری رقوم کے عوض سربیا اور انڈونیشیا کے بھی جعلی ویزے فراہم کیے۔گرفتار ملزم غیر قانونی راستوں سے یورپ بھجوانے کے نیٹ ورک کا سرغنہ ہے۔ملزم کی گرفتاری انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔گرفتار ملزم دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرین کو تشدد کا نشانہ بنانے اور تاوان لینے میں بھی ملوث ہے۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید