کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے سرگرم رہنما خالد قادری پر حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان سنی تحریک کی جانب سے دی جانے والی احتجاجی اور ہڑتال کی کال انتظامیہ کی جانب سے ملزمان کی فوری گرفتاری کی یقین دہانی پر واپس لے لی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری، مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی دیگر ذمہ داران کے ہمراہ فوری طور پر اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے زخمی خالد قادری کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ خالد قادری پر حملہ نہ صرف ایک فرد پر حملہ ہے بلکہ یہ امن،رواداری اور مذہبی ہم آہنگی پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ واقعات کسی صورت قابل برداشت نہیں اور اس میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔