کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج کے دور میں علم سے دانش کشید کرنا پاکستان کی بقاء کے لئے ناگزیر ہو چکا ہے، اورنگی ٹاؤن تعلیم یافتہ لوگوں کی غریب ترین بستی ہے جس کا حق ادا کرنے کے لئے پہلا بڑا قدم اٹھا دیا گیا ہے۔ وہ اورنگی ٹاؤن کے تاریخی جرمن گراؤنڈ میں وفاقی حکومت کے میگا تعلیمی منصوبے دانش اسکول کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس سرزمین پر اس عظیم تعلیمی منصوبے کی بنیاد رکھی جا رہی ہے وہ بذاتِ خود ایک دانش کدہ ہے۔