کراچی(این این آئی)جامعہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو)میں معرکہ حق (آپریشن بنیان المرصوص)کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ اور جامعہ کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی زیر نگرانی منعقد ہوئی، جس کا مقصد قومی یکجہتی، حب الوطنی اور معرکہ حق کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ریلی کے شرکا نے پاک افواج کی کامیابیوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکا نے قومی جذبے اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ریلی کی قیادت پرنسپل سندھ میڈیکل کالج پروفیسر امبرین عثمانی، پرنسپل سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز (SIOHS) پروفیسر ساجد حنیف اور ڈین فیکلٹی آف ڈینٹل سائنسز پروفیسر خلیل الرحمن نے کی، جبکہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق قومی تاریخ کا اہم سنگِ میل ہے، جو اتحاد، حوصلے اور ثابت قدمی کا درس دیتا ہے۔