کراچی (نیوز ڈیسک) لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے، 24 گھنٹوں میں 41 افراد شہید، جنگ پھیلنے کا خطرہ، جنوبی علاقے میں مسلسل اسرائیلی فضائی کارروائیاں جاری، شہید افراد کی مجموعی تعداد 2 ہزار 659 تک پہنچ گئی۔ حزب اللّٰہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں تیز، ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 41 افراد شہید ہو گئے ہیں، جبکہ صرف ہفتے کے روز ہونے والے حملوں میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق مارچ سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں مجموعی اموات 2,659 تک پہنچ چکی ہیں جبکہ 8ہزارسے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے جن میں گھروں، گاڑیوں اور شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ یہ کارروائیاں اس جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دی جا رہی ہیں جو حال ہی میں نافذ کی گئی تھی۔