• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور زمبابوین ویمنز کرکٹ ٹیم کا پہلا ون ڈے آج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سخت گرم موسم میں پہلا ون ڈے انٹر نیشنل میچ پیر کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز تین ون ڈے پر مشتمل ہے، جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہیں ۔ ون ڈے میچ دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی اسکواڈ کی کپتانی فاطمہ ثناء کریں گی۔ پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ اسٹینڈنگ میں پانچویں نمبر پر ہے۔ سیریز سے ٹیم کو انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز T20 ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا ۔ کپتان فاطمہ ثناء نے کہا کہ یہ سیریز ہمارے لیے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 سائیکل میں مضبوط آغاز کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور کھلاڑی اپنے کردار کے بارے میں واضح ہیں۔ بولنگ اٹیک ہمارے اسٹرینتھ ہے ، بیٹنگ میں مزید مستقل مزاجی کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں ۔ زمبابوین کپتان نومویلو سیبانڈا کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ہمارے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ یہ زمبابوے کی خواتین ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہے، کھلاڑی پرجوش اور مختلف کنڈیشنز میں مقابلہ کرنے کی منتظر ہیں۔ دریں اثنا سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا۔ پینل میں زمبابوے کے سابق کرکٹر ٹینوٹینڈا ماویو ، سابق کپتان سلمان بٹ ، علی یونس، ایمن انور اور کائنات امتیاز شامل ہیں۔ میچ جیو سوپر پر میچز براہ راست نشر ہونگے۔