• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈومیسٹک کرکٹ میں پشاور، سیالکوٹ کو دو، دو ٹیمیں کھلانے کی اجازت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں آئندہ ڈومیسٹک سیزن کا آغاز چار ٹیموں پر مشتمل ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا، جس کا مقصد اگلے سال 50 اوورز کے ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کی تیاری کے مواقع بڑھانا ہے۔ 27-2026 کے ڈومیسٹک سیزن میں ریجن (علاقائی) کی بنیاد پر بننے والی ٹیموں کی تعداد بھی 18 سے بڑھا کر 20 کر دی ہے جس میں سیالکوٹ اور پشاور ریجنز کو بھی لاہور اور کراچی کی طرح 2، 2 ریجنل ٹیمیں دی گئی ہیں ۔ قائدِ اعظم ٹرافی کو گولڈ اور سلور ڈویژنز میں تقسیم کیا جائے گا۔ جونیئر کرکٹرز کیلئے انڈر 19 کے 3 روزہ ٹورنامنٹ، نیشنل انڈر 19 کپ، نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ، نیشنل انڈر 15 ون ڈے کپ اور انڈر 17 ٹورنامنٹ شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 27-2026ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ سیزن کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہو گا، ابتداء چیمپئنز کپ لسٹ اے ون ڈے ٹورنامنٹ سے کی جائے گی، ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ بھی کھیلا جائے گا۔ ریڈ بال سیزن میں قائدِ اعظم ٹرافی گولڈ اور سِلور جبکہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون، گریڈ ٹو گولڈ اور گریڈ ٹو سلور شامل ہوں گے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی کے تینوں ٹورنامنٹس 12 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ قائدِ اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور کا آغاز یکم نومبر سے ہو گا۔ ان میں ایک ٹیم کی ترقی اور تنزلی کا نظام بھی برقرار رہے گا۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں ہوں گے۔

اسپورٹس سے مزید