کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی کی سالانہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ جاری کر دی گئی۔ پہلی سات پوزیشنوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔عالمی چیمپئن بھارت کی پہلی پوزیشن برقرارہے۔ تاہم اس کےسالانہ رینکنگ پوائنٹس میں ایک پوائنٹ کی کمی ہوئی ہے۔ انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے ، نیوزی لینڈ چوتھے، جنوب افریقا پانچویں، پاکستان چھٹے اور ویسٹ انڈیز 7 ویں نمبر پر موجود ہے ۔ سری لنکا کے چھ پوائنٹس کی کٹوتی ہوئی ہے ۔ بنگلہ دیش ایک پوائنٹ کے اضافے کے بعد 8 ویں نمبر پر ہے ۔ افغانستان کا 10ویں زمبابوے اور آئر لینڈ 11ویں اور 12 ویں نمبر ہے۔ آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ٹیم سالانہ رینکنگ میں آسٹریلیا کی پہلی سمیت دیگر دس پوزیشن برقرار ہیں ۔ دریں اثنا آئی سی سی ویمنز پلئیرز ون ڈے رینکنگ میں بھارت کی سمریتی مندھنا کا پہلا نمبر برقرارہے۔ پاکستان کی سدرا امین 4 درجے ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر آ گئیں۔ پاکستان کی صدف شمس 12 درجے ترقی کے بعد 72 ویں پر موجود ہیں۔ پاکستان کی نجیہہ علوی 28 درجے ترقی کے بعد 86 ویں پر براجمان ہیں۔ بولروں میں آسٹریلیا کی الانا کنگ کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ پاکستان کی نشرہ سندھو ایک درجے ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر، پاکستان کی فاطمہ ثنا دو درجے ترقی کے بعد 26 ویں نمبر پر آ گئیں ۔ ویمن ون ڈے آل راؤنڈرز میں آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ پاکستان کی فاطمہ ثنا دو درجے ترقی کے بعد 15 ویں نمبر پر آ گئیں۔