کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔ فائنل کے بعد انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا کام کھیلنا ہے، یہ فیصلہ کھلاڑیوں نے نہیں کرنا کہ انہیں کس فارمیٹ میں کھیلنا ہے ، کھلاڑی کو تینوں فارمیٹ کھیلنا چاہئے۔ لاہور میں پریس کا نفرنس میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل جیتنا پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور اُن کے شائقین کیلئے زبردست لمحہ ہے، ہم نے میچ ٹو میچ پلان کیا جس کی وجہ سے کامیابیاں ملتی رہیں۔ کنڈیشنز اور پچز اچھی تھیں، لاہور اور کراچی کی پچز میں بھی فرق تھا، گراؤنڈ اسٹاف کو کریڈٹ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیملی کے بعد سب سے زیادہ دعائیں فینز کی تھیں، والدین کی دعاؤں سے یہاں پہنچا ہوں۔ انہوں نے اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مشکل حالات میں بھی ٹیم متحد رہی اور یہ فتح اسی محنت کا نتیجہ ہے۔ بابر اعظم نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب میں خود گراؤنڈ کے کنارے کھڑا ہو کر بال پکنگ کرتا تھا اور ایسے لمحات کا خواب دیکھتا تھا۔ اگر آج کوئی بھی بال پکر میری اس کامیابی کو دیکھ کر بیٹ اٹھائے اور خود کو کرکٹر بننے کا یقین دلائے، تو یہ میرے لیے یہ فتح مکمل ہو جائے گی۔ کپتان نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی فیملی، پشاور زلمی کی انتظامیہ اور اپنے دوستوں کے سر باندھا ۔ ان کا کہنا تھاکہ مجھے اپنی ٹیم پر بہت فخر ہے۔