پڑوسی ملک بھارت کا میڈیا بھی پاکستان بحریہ کی شجاعت، جرأت اور بہادری کی داستانیں اپنے عوام کو سنانے پر مجبور ہو گیا ہے۔
بھارت کی نامور ویب سائٹس ’این ڈی ٹی وی‘، ’ٹائمز آف انڈیا‘ اور ’دی اکنامک ٹائمز‘ پر پاکستان بحریہ کی کارکردگی کو سراہا اور اس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے تصدیق کرتے ہوئے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ پاکستان بحریہ نے بحیرۂ عرب میں فنی خرابی کے باعث پھنسنے والے بھارتی جہاز کی مدد کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بحریہ نے ناصرف بھارتی جہاز کے عملے کی مدد کی بلکہ عملے کو خوراک، طبی سہولت اور ہنگامی امداد بھی فراہم کی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جہاز ’ایم وی گوتم‘ عمان سے بھارت جاتے ہوئے شدید فنی خرابی کا شکار ہو گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ممبئی کے میری ٹائم ریسکیو مرکز کی درخواست پر اسلام آباد سے رابطہ کیا گیا جس کے بعد پاکستانی بحریہ نے امدادی کارروائی شروع کی۔
جہاز ’پی ایم ایس ایس کشمیر‘ کو ریسکیو مشن کے لیے روانہ کیا گیا جبکہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بھی معاونت کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جہاز پر 7 افراد موجود تھے جن میں 6 بھارتی اور 1 انڈونیشین شہری شامل تھا، پاک بحریہ نے انہیں فوری امداد فراہم کی تاکہ جہاز کو مستحکم اور عملے کو محفوظ بنایا جا سکے۔
بھارتی ذرائع کے مطابق جہاز 3 مئی کو جنریٹر کی خرابی کے باعث مکمل طور پر بجلی سے محروم ہو گیا تھا۔
4 مئی کی رات 11 بج کر 22 منٹ پر صورتِ حال کی اطلاع دی گئی، جہاز سمندر میں بہہ کر تقریباً 262 بحری میل دور پہنچ گیا تھا۔