پاکستان شوبز انڈسٹری کے سپر اسٹار فہد مصطفیٰ نے اپنی بے پناہ شہرت کے پیچھے دی گئی بڑی قربانی سے متعلق ایسا انکشاف کیا ہے جس نے مداحوں کو جذباتی کر دیا۔
فہد مصطفیٰ حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے جہاں انہوں نے بتایا کہ کامیابی اور شہرت نے مجھ سے میری ذاتی آزادی اور خاندانی وقت چھین لیا ہے۔
اداکار نے کہا کہ میرے پاس اب کوئی پبلک لائف نہیں رہی، میں عام لوگوں کی طرح کہیں بھی آزادی سے نہیں جا سکتا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب مجھے شادیوں، ڈنرز یا خاندانی تقریبات میں بھی کم ہی بلایا جاتا ہے کیونکہ میری موجودگی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہے۔
فہد مصطفیٰ کے مطابق میرے بچے بھی اب مجھے باہر ڈنر پر چلنے کے لیے نہیں کہتے کیونکہ ہر جگہ مداحوں کا ہجوم لگ جاتا ہے، جس سے فیملی کے لیے وقت گزارنا مشکل ہو جاتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ شہرت بظاہر بہت خوبصورت لگتی ہے، لیکن اس کے پیچھے کئی ایسی قربانیاں چھپی ہوتی ہیں جن کا اندازہ عام لوگ نہیں لگا سکتے۔
واضح رہے کہ فہد مصطفیٰ نے گیم شو کے ذریعے بے پناہ مقبولیت حاصل کی جبکہ ان کے ڈرامے اور فلمیں بھی شائقین میں بے حد پسند کی جاتی ہیں، وہ اس وقت پاکستان کے کامیاب ترین اداکاروں، میزبانوں اور پروڈیوسرز میں شمار ہوتے ہیں۔