اسلام آباد( نیوز رپورٹر ) ایپکا فیڈرل کے چیئرمین سید گلفراز حسین شاہ کاظمی نے آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ بدترین مہنگائی، بڑھتے ہوئے یوٹیلیٹی بلز، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، ٹیکسوں کے اضافی بوجھ اور روزمرہ اخراجات میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر وفاقی ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ملازمین ریاستی اداروں کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ملک کا انتظامی نظام انہی کی شب و روز محنت سے چل رہا ہے، مگر بدقسمتی سے مسلسل مہنگائی کے باعث ملازمین کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ ایپکا فیڈرل نے مطالبہ کیا کہ تمام وفاقی ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا جائے اور تمام ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کر کے نیا پے اسکیل 2026 نافذ کیا جائے۔ ایپکا فیڈرل نے مزید مطالبہ کیا کہ تنخواہوں کو کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) سے منسلک کیا جائے ۔