کراچی (افضل ندیم ڈوگر)بلوچ کالونی پل سے شارع فیصل اترنے والوں کیلئے یوٹرن بند۔ ایئرپورٹ جانے والے شہری بلوچ کالونی پل عبور کرکے الٹے ہاتھ مڑسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی رواں بہتر بنانے کیلئے ٹریفک پولیس نے بلوچ کالونی پل سے اترنے والے ٹریفک کیلئے فوزیہ وہاب پل کے نیچے یوٹرن تک جانا بند کردیا ہے اور رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک کو صدر کی طرف سیدھا کردیا ہے۔ شہید ملت روڈ سے ایئرپورٹ کی طرف جانے والے شہری بلوچ کالونی پل پر سیدھا جاکر الٹے ہاتھ پر سلطان احمد شاہ روڈ سے شارع فیصل پر جاسکیں گے۔ اسی طرح نرسری سے سروس روڈ پر بلوچ کالونی پہنچنے والا ٹریفک بھی شارع فیصل پر فوزیہ وہاب پل کے نیچے سے یوٹرن نہیں لے سکے گا۔ بلوچ کالونی پل سے شارع فیصل پر اترنے والے ٹریفک کو ایئرپورٹ جانے کیلئے شاہراہ قائدین پر جا کر طارق روڈ سے واپس مڑنا پڑے گا۔ پیر کو ان رکاوٹوں کا پہلا دن تھا جس پر شہری مشکلات کا شکار رہے اور بلوچ کالونی پل پر کافی ٹریفک جام رہا جبکہ موٹر سائیکل سوار شہریوں نے ٹیپو سلطان روڈ پر جانے کیلئے رانگ سائیڈ جانا شروع کردیا تھا۔ رانگ سائیڈ آنے والی ٹریفک کے باعث بلوچ کالونی سے ٹیپو سلطان روڈ پل پر شدید دبائو دیکھا گیا۔