• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامیہ کالج یونیورسٹی ٹیچنگ ایسوسی ایشن کا ہراسانی واقعات پر سخت ردعمل

پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں اساتذہ خصوصاً خواتین اساتذہ کے خلاف ہراسانی کے بڑھتے واقعات اور انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے خلاف ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ہنگامی جنرل باڈی اجلاس میں احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا۔ اجلاس کی صدارت ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر صلاح الدین نے کی، جس میں اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ روز شعبۂ بوٹنی میں پیش آنے والے واقعے پر خاتون استاد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ اساتذہ کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران اس نوعیت کے پانچ واقعات پیش آئے ہیں، جن میں بیشتر خواتین اساتذہ سے متعلق ہیں۔ حالیہ واقعے میں بھی ایک خاتون استاد کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکانے کی کوشش کی گئی، جس سے تعلیمی ماحول میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ اجلاس میں متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں جن میں وائس چانسلر سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث طلبہ کے خلاف 24 گھنٹوں کے اندر اسلامیہ کالج پشاور اسٹوڈنٹس کنڈکٹ اینڈ ڈسپلن ریگولیشنز کے تحت کارروائی کی جائے۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ تمام زیر التواء واقعات کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور خواتین اساتذہ سمیت تمام تدریسی عملے کے لئے محفوظ اور باوقار ماحول یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں خبردار کیا گیا کہ مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں 18 مئی 2026 سے تدریسی سرگرمیوں کے بائیکاٹ اور وائس چانسلر آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
پشاور سے مزید