لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پالیسی سو فیصد کاروبار دوست ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے کے ذاتی وسائل میں اضافے کے لیے کوئی نیا ٹیکس لگانے پر آمادہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعت کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے ذریعے محصولات میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ آئندہ بجٹ میں صنعتی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات متعارف کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی استعدادِ کار میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی اس وقت صوبے کے 38 اضلاع میں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور 40 فیصد گروتھ کے ساتھ ٹیکس اکٹھا کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار مجتبی شجاع الرحمان نے آج محکمہ خزانہ کے کمیٹی روم میں ریستوران ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔