راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد پولیس نے رواں ماہ کے پہلے دس دنوں میں منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 506 ملزموں کو گرفتار کیا، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہاکہ اسلام آباد پولیس نے ماہ مئی کے پہلے دس دنوں میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اوراسلحہ کی نمائش میں ملوث 125ملزمان جبکہ منشیات فروشی میں ملوث 113ملزمان کو گرفتارکیا ،گرفتار ملزمان کے قبضے سے 20 کلو گرام چرس، 13 کلو گرام سے زائد ہیروئن، 14 کلو گرام آئس اور 674 بوتل شراب برآمد کی گئیں، اسی طرح غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ملزمان کے قبضے سے مختلف بور کے 105 پستول، 9 رائفلیں ، 07 کلاشنکوف، 11 خنجر اور بھاری مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا گیا،ڈی آئی جی اسلام آباد نے مزید کہاکہ اسلام آباد پولیس نے اس دوران مختلف وارداتوں میں ملوث 268 سابقہ ریکارڈ یافتہ اشتہاری مجرموں کو بھی گرفتار کیا، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 107 گرینڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز بھی کیے گئے، ان سرچ آپریشنز کے دوران مشکوک افراد، کرایہ داروں، ہوٹلوں، ہاسٹلز اور مختلف مقامات کی چیکنگ عمل میں لائی گئی تاکہ کسی بھی جرائم پیشہ سرگرمی کی بروقت روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔