• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس کسٹڈی میں تشدد سے بزرگ شہری جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تھانہ سائٹ سپر ہائی وے کی پولیس کسٹڈی میں مبینہ طور پر تشدد سے بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا ، متوفی کے بیٹے نے ایس ایچ او چوہدری نواز پر والد پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے کہاہے کہ اس کے والد محمد تنویر کو ناجائز طور پر تھانے منتقل کیا گیا،دورانِ حراست تشدد کے باعث والد کی طبیعت بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکے، پولیس گھر کا قبضہ خالی کرانے کیلئے دباؤ ڈال رہی تھی ، ورثا نے ذمہ دار ایس ایچ او چوہدری نواز اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا، ایس ایچ او تھانہ سائٹ سپر ہائی چوہدری نوا ز کا کہنا ہےکہ مذکورہ واقعہ دراصل ایک خاندان کے آپس کے جھگڑے کا نتیجہ تھا، محمد تنویر کو نہ تو تھانے منتقل کیا گیا اور نہ ہی حوالات میں رکھا گیا، تشدد کے باعث ہلاکت کی خبریں بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں،انہوں نے کہا کہ متوفی کی بہو کی جانب سے باقاعدہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد، مبینہ طور پر سسرال کے افراد دوبارہ بہو کے گھر پہنچے، جہاں اس معاملے پر دوبارہ جھگڑا شروع ہوگیا،اسی دوران علاقے میں پولیو ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو اطلاع ملی، جس پر پولیس موبائل فوری طور پر موقع پر پہنچی تو بزرگ محمد تنویر کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی،انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی انتقال کر گئے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید