• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی چین کیلئے بےحد عزت و احترام اور دلی محبت کا جذبہ رکھتے ہیں: شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام چین کے عوام کے لیے حقیقی طور پر بےحد عزت و احترام اور دلی محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔

پاکستان اورچین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوطرفہ تعلقات اور مثالی دوستی ایک مضبوط ’ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری‘ میں تبدیل ہو چکی ہے، بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود یہ دوستی مسلسل مضبوط، مؤثر اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہوتی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چین کی ترقی اور تبدیلی ترقی پذیر ممالک کے لیے باعثِ تحریک اور قابلِ تقلید ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان مختلف شعبہ جات میں چین کے تعاون کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان ’ایک چین‘ کے اصول پر اپنے غیر متزلزل سفارتی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور قومی ترجیحات میں چین کی مضبوط معاونت نے غیر معمولی کردار ادا کیا، سی پیک نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے تحفظ اور صنعتی تعاون میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید