کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جامعہ کراچی میں اسلامی جمعیت طالبات کی جانب سے’’تعلیم مہم‘‘شروع کردی گئی ، جس کے تحت جامعہ کے مختلف شعبہ جات میں اساتذہ اور طالبات سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔ ملاقاتوں کے دوران جامعہ کراچی کی موجودہ تعلیمی، انتظامی اور مالی صورتحال پر گفتگو کی جا رہی ہے جبکہ اساتذہ اور طالبات کی آراء بھی لی جا رہی ہیں۔ تعلیم مہم کے دوران طالبات اور اساتذہ کے مسائل جاننے کے لیے سروے فارمز بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ جامعہ میں درپیش مسائل کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔ اساتذہ اور طالبات کی جانب سے ملاقاتوں میں موصول ہونے والی تجاویز اور آراء کو نوٹ کیا جا رہا ہے اور مسائل کے حل کے لیے مؤثر پیش رفت اور عملی کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔ تعلیم مہم کا مقصد جامعہ کراچی میں تعلیمی سرگرمیوں کا فروغ، طلبہ و طالبات کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرنا ہے۔