کراچی(مطلوب حسین) شہر کراچی سے کم عمر بچیوں اور خواتین سمیت دیگر اغواء کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،رواں سال ایسٹ زون میں مجموعی طور پر اغواء کے 753 مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں پولیس نے 327 مقدمات کا سراغ لگالیا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کی مغوی کم عمر لڑکیوں اور خواتین کو سندھ کے دیگر اضلاع یا پھر مختلف صوبوں میں خصوصا پنجاب لیجایا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایسٹ زون میں کم عمر بچیوں اور خواتین کے اغواء کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں رواں سال یکم جنوری سے 21 مئی 2026 تک اغواء کے مجموعی طور پر 753 مقدمات درج کئے گئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف 327 مقدمات کا سراغ لگایا جا سکا، جبکہ سیکڑوں کیسز تاحال معمہ بنے ہوئے ہیں۔دستاویزات کے مطابق ضلع ایسٹ میں سب سے زیادہ 322 مقدمات درج ہوئے جن میں سے 141 کیسز ٹریس کئے گئے۔ ملیر میں 254 مقدمات رپورٹ ہوئے جبکہ 120 کیسز کا سراغ لگایا جا سکا۔ اسی طرح کورنگی میں 177 اغواء کے مقدمات درج ہوئے لیکن صرف 66 کیسز ہی حل ہو سکے۔