راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) تھانہ شمس کالونی کی حدود میں فائرنگ کے تبادلے میں پنجاب اور وفاقی دارالحکومت کی پولیس کو دجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب بین الصوبائی ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق شمس کالونی پولیس کی ٹیم معمول کی چیکنگ پر مامور تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 3 مشتبہ مسلح افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس ٹیم نے انتہائی جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ترجمان نے بتایا کہ پولیس پارٹی کو اپنے قریب آتے دیکھ کر ڈاکوؤں نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ تاہم، پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کی وجہ سے محفوظ رہے۔ تعاقب اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہو کر موٹر سائیکل سے گر پڑا، جسے پولیس نے فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم کے دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔گرفتار زخمی ملزم کی شناخت امجد علی کے نام سے ہوئی ۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم امجد علی ایک انتہائی خطرناک بین الصوبائی ڈکیت گینگ کا رکن ہے اور ڈکیتی، رہزنی، موٹر سائیکل چوری اور دیگر سنگین جرائم کے 42 سے زائد مقدمات میں اسلام آباد اور پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔