جدہ(شاہد نعیم) مسجد نبو یﷺ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج کی سعادت حاصل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے، اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور تقویٰ اختیار کرو، اپنے عہد کی پاسداری کرو،ہمیشہ سچ بولیں ، غلط بیانی سے گریز ، بدعت اور غیبت سے دور رہیں، بڑی کامیابی توحید ہے،اللہ صبر کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ تقویٰ اختیار کرنے والوں کو جنت کی نوید سنائی گئی ہے، آج کے دن کثرت کے ساتھ دعائیں کی جائیں، کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جس سے وحدت کو نقصان پہنچے، حجاج کرام مناسک حج بہترین انداز میں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں۔لاکھوں حجاج کی عرفات سے منیٰ واپسی، آج رمی کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق امام وخطیب مسجد نبویﷺ شیخ ڈاکٹر علی الخذیفی نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ اور بندے کا تعلق نجات کا ذریعہ ہے، اے ایمان والو، اپنے رب کے ساتھ جڑے رہو، حج کے دوران کسی قسم کی لڑائی جھگڑے سے اجتناب کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ قیامت کا زلزلہ انتہائی شدید ہے جبکہ آخرت کی سب سے بڑی کامیابی توحید ہے۔ جو لوگ شرک و کفر کرتے ہیں وہ ایسی چیزوں کو پکارتے ہیں جو کسی نفع و نقصان کا اختیار نہیں رکھتے۔شیخ کا مزید کہنا تھا جو اللہ سے ڈرتا ہے، اُس کے لیے اللہ نے دُہری جنت رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ابراہیم علیہ السلام کو کہا حج کے لیے منادی کریں اور اللہ تعالیٰ دور دراز تک یہ آواز پہنچائیں گے۔ دور دراز سے لوگ حج کے لیے آئے ہیں تاکہ دنیا و اخرت میں وہ کامیاب ہوں۔ یہاں جھگڑا نہیں کرنا اور گناہ نہیں کرنا اور تمام چیزیں جن کا وعدہ اللہ نے کیا اُنہیں پورا کیا جائے۔ اور جو بھی شعائر اللہ کا احترام کرتا ہے یہ تقویٰ کی نشانی ہے۔ڈاکٹر شیخ علی الحذیفی نے کہا کہ ہمیشہ سچ بولیں اور غلط بیانی سے گریز کریں، بدعت اور غیبت سے دور رہو،انہوں نے بتایا کہ حجاج عرفات سے فارغ ہونے کے بعد منیٰ تشریف لے جائیں گے، حجاج کرام مناسک بہترین انداز میں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ حجاج کرام ہر لمحہ مغفرت کی دعا کرتے رہیں، اللہ تعالیٰ کے ذکر اور عبادات میں مصروف رہیں، نماز قائم کریں، اللہ تعالیٰ ہی دعائیں قبول کرنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے مختلف رنگوں کے لوگ یہاں آئے ہیں جو اللہ کی طرف سے ایک بڑا مظہر ہے۔ اللہ تعالیٰ فرشتوں میں حاجیوں پر فخر کر رہا ہے جو آج جمع ہوئے اور عبادات کیں۔انہوں نے کہا عازمین حج یہاں عرفات میں قیام کریں گے پھر اگلے دن مزدلفہ جائیں گے جس کے بعد عازمین حج منی میں تشریف لے کر جائیں گے۔