اسلام آباد (عاطف شیرازی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل اب بھی مہنگے ، لیوی بوجھ میں اضافہ برقرار،36 دنوں کے دوران حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تین بار اضافہ اور تین بار کمی کی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پانچ ہفتے قبل کے مقابلے میں اب بھی نمایاں طور پر زیادہ ہیں ،شہریوں پرپیٹرولیم لیوی کا اضا فی بوجھ ختم نہ ہوسکا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 36 دنوں کے دوران حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تین بار اضافہ اور تین بار کمی کی، دستیاب اعداد وشمار کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 36 دنوں میں مجموعی طور پر 61 روپے 16 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی جبکہ بعد ازاں 33 روپے 80 پیسے کی کمی کی گئی۔ اس کمی کے باوجود ڈیزل پر 27 روپے 36 پیسے فی لیٹر کا اضافہ اب بھی برقرار ہے۔