کراچی (رفیق مانگٹ) کیا جے ڈی وینس 2028 کیلئے سب سے مضبوط صدارتی امیدوار ہیں؟ ٹرمپ کے ذہن میں اب بھی سوالات موجود، وہ بظاہر اپنے سیاسی جانشین کے معاملے کو طے شدہ نہیں سمجھتے، امریکی صدر کا وینس کی سیاسی صلاحیتوں پر شکوک وشبہات کا اظہار، پاکستان مذاکراتی مشن کی ناکامی پر بھی تنقید، ٹرمپ نے جے ڈی وینس اور مارکو روبیو کے بارے میں مہمانوں سے رائے طلب کی، غلط جانشین کے انتخاب پر تباہی کا انتباہ کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان تعلقات بظاہر مضبوط ہونے کے باوجود، ٹرمپ اپنے ممکنہ سیاسی جانشین کے طور پر وینس کی صلاحیتوں کے بارے میں نجی سطح پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اکثر اپنے قریبی ساتھیوں سے پوچھتے ہیں کہ آیا وینس 2028 میں ریپبلکن پارٹی کی قیادت سنبھالنے اور ان کی سیاسی میراث کو آگے بڑھانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں یا نہیں، اور وہ خود بھی اس بارے میں مکمل یقین کا اظہار نہیں کرتے۔ صدر ٹرمپ نے اس فیصلے پر بھی سوال اٹھایا کہ جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک وفد کو پاکستان میں ہونے والے مذاکراتی اجلاس میں بھیجا گیا، جو جنگ کے خاتمے میں ناکام رہا۔ انہوں نے بارہا ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے معاملے پر وینس کی ابتدائی مخالفت کا ذکر کیا، حتیٰ کہ ان کے سامنے بھی۔