کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ سکیورٹی اقدامات کا مقصد اسد قیصر کو روکنا نہیں تھا۔ رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ معاملے کو ایوان میں اٹھاؤں گا اور میں استحقاقی تحریک بھی پیش کروں گا۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار کامران یوسف نے کہا کہ اختلافات دونوں طرف موجود ہیں ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام کے آغاز میں کہا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 نشستوں کے لئے عام انتخابات سات جون کو ہوں گے۔ جس کی وجہ سے جلسے جلوس اور سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہے اور اس دفعہ بھی پی ٹی آئی ایک بار پھر لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام لگا رہی ہے۔ اس لئے تحریک انصاف نے تئیس نشستوں پر اپنے امیدواروں کو آزاد حیثیت میں میدان میں اُتارا ہے۔ جنید اکبر کو ساتھیوں سمیت جی بی سے باہر نکالنے کا معاملہ سامنے آیا اور اسد قیصر نے الزام لگایا ہے کہ حکومت نے جان بوجھ کر اسکردو کی فلائٹ میں رکاوٹیں کھڑی کیں تاکہ وہ انتخابی مہم میں حصہ نہ لے سکیں۔ رہنما ن لیگ خواجہ سعد رفیق کو بھی اسکردو جانا تھا اور وہ بھی نہ جاسکے جس پر انہو ں نے بھی راستے بند ہونے پر تنقید کی ہے۔