کراچی (نیوز ڈیسک)افغانستان،پاکستان سے جانیوالے مہاجرین کا ٹرک کھائی میں جاگرا، 18 جاں بحق،مرنیوالوں میں10بچے شامل ،ڈرائیور کو نیند آنے سےحادثہ پیش آیا ،30سے زائد افراد زخمی ، حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے لغمان میں پاکستان سے واپس جانے والے افغان مہاجرین کو لے جانے والا ایک مال بردار ٹرک الٹنے سے کم از کم 18افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے حادثہ ہفتے کی صبح ضلع قرغئی کے علاقے سرخکان چوک کے قریب پیش آیا، جہاں مہاجر خاندانوں اور ان کے گھریلو سامان سے لدا ہوا ٹرک سڑک سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا۔ طالبان حکومت کے ترجمان نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا، جبکہ صوبائی محکمہ صحت کے سربراہ امین اللہ شریف کے مطابق ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم 10 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد زخمیوں کو پڑوسی صوبے ننگرہار کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔